بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نیٹو کا افغانستان میں مزید 3 ہزار فوجی بھیجنے کا فیصلہ

نیٹو کا افغانستان میں مزید 3 ہزار فوجی بھیجنے کا فیصلہ


برسلز ۔نیٹو نے افغان فورسز کی تربیت اور مختلف شعبوں میں معاونت کے لیے مزید 3 ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹالٹنبرگ نے بتایا کہ 3 ہزار فوجیوں میں سے 1500 فوجی امریکی ہوں گے ٗ باقی 1500 فوجی دیگر اتحادی ممالک سے ہوں گے۔نیٹو سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ افغان جنگ میں طالبان کے خلاف جنگ میں آنے والے جمود کو توڑنے کیلئے کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان جانے والی کمک فوجی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے گی بلکہ نیٹو کے ریسولوٹ مشن کے تحت افغان فورسز کو ٹریننگ دینے کے ساتھ ان کی معاونت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں مزید کچھ ہزار فوجی بھیجنے سے طالبان اور داعش کو کمزرو کرنے میں واضح فرق نظر آئے گا۔

جنرل جینس اسٹالٹنبرگ نے کہا کہ ریسولوٹ مشن کے تحت افغان آرمی اور ایئر فورس کو تربیت فراہم کرنے والے نیٹو فوجیوں کی تعداد 13 ہزار سے بڑھ کر 16 ہزار ہو جائیگی۔خیال رہے کہ ستمبر میں امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے افغانستان میں مزید 3 ہزار امریکی فوجی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔افغانستان جانے والے اضافی نیٹو فوجی ٹریننگ اور امریکی انسداد دہشت گردی مشن میں حصہ لیں گے۔