بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سعودی عرب سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے تیار

سعودی عرب سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے تیار


اسلام آباد۔چین کے بعد سعودی عرب بھی پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے میں سرمایہ کاری کریگا۔سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ اور سی پیک کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں ،دونوں ملک مل کر کام کریں گے اور یہ اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا ، پاکستان میں بہت زیادہ ترقیاتی کام ہو رہا ہے ، افسوس ہے کہ یہاں کا میڈیا ہمیشہ منفی پہلو وں کوکیوں دکھاتا ہے؟ پاکستان میں جتنے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اس کو اجاگر کیا جانا چاہئے ۔وہ بدھ کو وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادکہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ مل کر ترقیاتی کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے منصوبوں میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدلکریم نے کہا سعودی حکومت پاکستان میں سی پیک منصوبے میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ، سعودی سفیر کو آگاہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کن سیکٹرز میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ کے تعلقات بہت دوستانہ اور گہرے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ سعودیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کہ پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات کے دوران سیکرٹری مواصلات صدیق میمن نے سعودی سفیر کو پاکستان میں جاری مواصلات کے منصوبو ں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں ہمارے پاس کام کے بہت سے مواقع ہیں، جیسے ریلویز،موٹرویز،ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ اورروڈ انفراسٹرکچر میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ میں بھی کام کے بہت سے مواقع ہیں۔ اس حوالے سے ہم ایک الگ میٹنگ رکھنا چاہتے ہیں،تاکہ کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ملاقات کے بعد سعودی سفیر کو پاکستان میں جاری سے پیک منصوبوں اور مواصلات کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ سعودیہ سی پیک منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے اور اس حوالے سے ہم سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر کام کریں گے اور یہ اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان میں اتنا زیادہ کام ہو رہا ہے مجھے افسوس ہے کہ یہاں کا میڈیا ہمیشہ منفی پہلو وں کوکیوں دکھاتا ہے، پاکستان میں جتنے ڈیولپمنٹ کے کام ہو رہے ہیں اس کو اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ سعودی سفیر نے پاکستان میں موٹر ویز کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روڈ نیٹ ورک کا سٹینڈرڈ بالکل سعودی عرب جیسا ہے۔