بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جو اعلان کیا اس پر عمل کر کے دکھایا ٗ پرویز خٹک

جو اعلان کیا اس پر عمل کر کے دکھایا ٗ پرویز خٹک


چترال ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چترال کے عوام کے دیرینہ مطالبہ اور عوام کی انتظامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے چترال میں نئے ضلع اپر چترال کے قیام کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے نئے ضلع کی تشکیل کے حوالے سے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ زبانی کلامی اعلانات نہیں کرتے بلکہ کنکریٹ فیصلہ کرکے اس کا اعلان کرتے ہیں اور پھر عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام خصوصاً نوجوانوں میں بڑھتا ہوا جوش و خروش عمران خان کی چوروں کے خلاف بھرپور جدوجہد کا نتیجہ ہے عوام کا جوش و خروش دکھاتا ہے کہ پی ٹی آئی آ نہیں رہی بلکہ آ چکی ہے۔

گذشتہ کئی دہائیوں سے چوروں کا ٹولہ اس ملک پر مل جل کے حکمرانی کرتا رہا عمران خان کے علاوہ کسی کو جرات نہیں ہوئی کہ چوروں کو للکارسکے ۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرپشن ، اقرباء پروری ملک میں برائیوں کی جڑ ہے اسکے ہوتے ہوئے ملک میں غریب کو انصاف دینا اداروں کو ٹھیک کرنا اور خوشحالی لانا خام خیالی ہے۔اس ملک میں غریب کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ دنیا میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا ہم نے بہت حکومتیں دیکھیں الیکشن سے پہلے جس منشور کا اعلان کرتیں الیکشن کے بعد منشور کو ڈھونڈنا شروع کر دیتے جو منشور ڈاکوؤں کے پیٹ میں چلا جاتا تھا ہم واحد جماعت ہیں جس نے اپنے منشور پر عمل کیا جن چور اور بدعنوان حکمرانوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا وہ کل پھر عوام میں ہوں گے عوام ان سیاسی نجومیوں اور انکے رنگ برنگ ڈراموں سے بیدار رہیں ۔

انکی تاریخ ضرور دیکھیں جو سائیکل پے آتے ہیں اور لوٹ مار کرکے لینڈ کروزر میں نکل جاتے ہیں موجودہ صوبائی حکومت کے گذشتہ چار سالوں کا سابقہ حکومتوں سے موازنہ کریں تو فرق نظر آئے گا ہم نے عام آدمی کی فلاح کیلئے نظام کو ٹھیک کیا اور اداروں کو خدمات کی فراہمی پر لگایا یہی اصل تبدیلی ہے ہم نے پاکستان کو بھی اسی سٹینڈر پر لے کے جانا ہے۔ وہ پولو گراؤنڈ ضلع چترال میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اجتماع سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین صوبائی وزیر محمود خان کے علاوہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، منتخب عوامی نمائندوں ، علاقے کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح بد عنوان اشرافیہ کا مقابلہ کیا اور غریب عوام کو ان سے نجات دلانے کیلئے دن رات کوشش کی یہ انکی مخلص قیادت کا عکاس ہے جس پر انہیں ضرور صلہ ملے گاہم عمران خان کی قیادت میں دکھائیں گے کہ نیا پاکستان کیسے بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیر اعظم چوری میں پکڑا جائے اور صد ر (زرداری) بھی چور گذرا ہو وہ عوام کیسے ترقی کر سکتے ہیں اگر ہم نے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو بد عنوان نظام کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ اور چیئرمین تحریک انصاف کو ڈپٹی کمشنر چترال کے دفتر میں چترال میں جاری ترقیاتی سکیموں اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ نے سوات کی طرح چترال میں بھی ٹورزم پولیس کو تودسیع دینے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر سیاحوں کو زمینی راستے کے ذریعے این او سی کے مسئلے کو بھی زیر بحث لایا گیا کیونکہ یہ سیاحت کے فروغ میں رکاوٹ ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں وفاق کو تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں قبل ازیں پرویز خٹک اور عمران خان نے مضر صحت پولی تھین بیگز کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مہم کا افتتاح کیا پولی تھین بیگز کے متبادل کے طور پر کپڑے کے بنائے گئے بیگز مفت تقسیم کئے جا رہے ہیں انہوں نے اس اقدام کو بہترین قرار دیتے ہوئے صوبہ بھر میں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے چترال چیمبر آف کامرس کا بھی افتتاح کیا۔