بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کوئٹہ میں دھماکا، ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید

کوئٹہ میں دھماکا، ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید


کوئٹہ: چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید جب کہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی پولیس جیسے ہی اپنے گھر سے نکلے حملہ آور نے خود کو گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑالیا، ذرائع۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ڈی آئی جی کوئٹہ حامد شکیل گھر سے دفتر جارہے تھے کہ چمن ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعے میں حامد شکیل اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں سمیت راہگیر بھی زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں عملے نے حامد شکیل اور 2 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی۔ جب کہ 5 اہلکاروں سمیت 7 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جارہا، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حامد شکیل پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، خودکش حملہ آور نے خود کو عین اس وقت بارودی مواد سے اڑایا جب ان کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

دوسری جانب دھماکے سے کچھ گھنٹے قبل ہی پولیس اور ایف سی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جتک اسٹاپ،موسیٰ کالونی،سیٹلائٹ ٹاون، چھالوباوڑی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے 300 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور 41 مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا۔