بریکنگ نیوز
Home / صحت / مرد دوپہر کو چڑچڑے ہوجاتے ہیں لیکن کیوں؟

مرد دوپہر کو چڑچڑے ہوجاتے ہیں لیکن کیوں؟


سڈنی: کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ اکثر مرد دوپہر میں چڑچڑے یا غصیلے مزاج کے کیوں ہوجاتے ہیں اور ان کا رویہ جارحانہ کیوں ہوجاتا ہے؟

دوپہر کے وقت مرد کامزاج کیوں چرچڑا ہوجاتا ہے،فوٹو:انٹرنیٹ

ایک تازہ تحقیق میں سائنسدانوں نے مردوں کے مزاج اور کیفیت میں تبدیلیوں کی وجہ جاننے کی کوشش کی جس کےلیے مرد حضرات کی روزمرہ زندگی کے ان اوقات کا بغور مشاہدہ اور مطالعہ کیا گیا جن میں وہ زیادہ مصروف ہوتے ہیں۔

حال ہی میں تحقیقی مجلے ’دی جرنل آف نیوروسائنس‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوپہر 2 بجے کے قریب مرد کا مزاج صبح کی نسبت گراوٹ کا شکار ہوجاتا ہے۔

آسٹریلیا کی سوئنبرن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے سیکڑوں افراد کے دماغوں کا دن کے مختلف اوقات میں اسکین کیا اور وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ دماغ میں خوشی کا احساس پیدا کرنے والے حصے اور اس سے وابستہ نظام (ریوارڈ سسٹم) کی سرگرمی صبح اور شام  میں اپنے عروج پر ہوتی ہے لیکن دوپہر میں یہ اپنی کم ترین سطح پر آجاتی ہے۔

سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ انسانی دماغ کے دائیں حصے میں موجود ’پیوٹامن‘ نامی علاقے میں سرگرمی دوپہر کی ابتداء میں سب سے کم ہوتی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دوپہر میں افراد زیادہ چاق و چوبند نہیں ہوتے جب کہ، اس کے برعکس، دماغ کے بائیں حصے والا پیوٹامن دوپہر 2 بجے کی بہ نسبت صبح کے 10 بجے اور شام کے 7 بجے زیادہ سرگرم ہوتا ہے۔

یہ دونوں حصے مل کر مردانہ مزاج، موڈ اور بطورِ خاص چڑچڑے پن پر اثرانداز ہوتے ہیں اور ان ہی کی وجہ سے مرد عموماً دوپہر کے وقت خود کو زیادہ تھکا ماندہ اور کسی حد تک چڑچڑا بھی محسوس کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پیوٹامن انسانی عضلات اور ہاتھ پاؤں کو متحرک کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔