بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تبلیغی جماعت کی بس کو حادثہ، 28افراد جاں بحق

تبلیغی جماعت کی بس کو حادثہ، 28افراد جاں بحق


چکوال/کوہاٹ۔ڈسٹرکٹ چکوال میں تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کے مقام پربس پل سے گرکر حادثے میں زخمی مزید 4افراد دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہوگئی، جن کی آبائی علاقے میں تد فین کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات حادثے کا شکار ہونے والی بس کوہاٹ سے رائے ونڈ جارہی تھی جو تلہ گنگ کے قریب 150 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ابتدائی طور پر 24 افراد کی لاشوں کو نکال گیا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 35 سے زائد زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق بس میں 60 مسافر سوار تھے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائے ونڈ جارہے تھے جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ہسپتال حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 4 افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہوگئی جبکہ دیگر زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تلہ گنگ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔جاں بحق افراد کی لاشیں کوہاٹ کے علاقے منظوری پہنچا دی گئی جہاں پر ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کر دی گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار تھی اور علاقے میں سوگ کا سماں تھا۔