بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کھلی کچہریوں کے انعقاد پر ناظمین ناراض

کھلی کچہریوں کے انعقاد پر ناظمین ناراض


پشاور۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں کھلی کچہریاں لگانے کے احکامات پر ناظمین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ پشاور میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچری میں ضلع ناظم اور ٹاؤن ناظمین کو دعوت نہ دینے پر معاملہ شدت اختیارکر گیا ہے ضلع ناظم پشاور نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری سے ملاقات میں انہیں تحفظات بھی پیش کر دیئے ہیں تاہم ضلع ناظم نے رابطے پر مذکورہ صورتحال کی تردید کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چارسدہ روڈ پرواقع ہسپتال میں ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب نے کھلی کچری کا انعقاد کیا جس کیلئے دو روز قبل ہی تمام متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو خطوط ارسال کر دیئے گئے تھے تاہم ضلع ناظم سمیت ٹاؤن ناظمین کو دعوت نہیں دی گئی تھی ذرائع کے مطابق ضلع ناظم پشاور نے کھلی کچری پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ایک ٹاؤن ناظم کو بھی کھلی کچری میں شرکت سے روک دیا ذرائع کاکہنا ہے کہ ضلع ناظم محمد عاصم نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری سے ملاقات کی اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ادھر ضلع ناظم محمد عاصم نے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر بتایا کہ انہیں کھلی کچہریوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے ٗ چیف سیکرٹری سے دیگر ایشوز پر بات ہوئی ٗ ویسے بھی ناظم کا دفتر روزانہ کھلی کچری ہی ہوتا ہے ہمیں کھلی کچری لگانے کی ضرورت نہیں ہے ادھر ایک ناظم نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر ڈپٹی کمشنر ز ہی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچریاں لگانے لگیں تو پھرمقامی حکومتوں کا کیا کام ہے پھر تو بلدیاتی نظام کو ہی لپیٹ دینا چاہئے ۔