بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پی ایس ایل3 کے ڈرافٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری

پی ایس ایل3 کے ڈرافٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری


پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلئے اتوار کو ہونے والے ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق 501 مقامی اور غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل ڈرافٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلئے نئی فرنچائز ملتان سلطان سمیت ہر ٹیم میں نو کھلاڑی شامل ہیں جہاں لیگ میں پہلے سے موجود پانچوں ٹیموں نے اپنی اپنی ٹیم سے کم از کم گیاہ گیارہ کھلاڑیوں کو ریلیز کیا تھا تاکہ ملتان سلطان کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔

اتوار کو ہونے والے ڈرافٹ میں ہر ٹیم پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری سے ایک ایک جبکہ ایمرجنگ اور سلور کیٹیگری سے دو، دو کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی تاکہ وہ اپنے اسکواڈ کی کم از کم تعداد 16 کو مکمل کر سکیں۔

ڈرافٹ کے بعد سپلیمنٹری راؤنڈ میں بھی ٹیمیں چار چار کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ہر ٹیم اسکواڈ میں موجود 20 کھلاڑیوں پر زیادہ سے زیادہ 12لاکھ ڈالرز تک خرچ کر سکے گی۔

لیگ کے بقیہ ایڈیشنز کی نسبت اس مرتبہ زیادہ بڑی تعداد میں انٹرنیشنل اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے جس میں آسٹریلیا سے کرس لن، مچل جانسن، شین واٹسن، جنوبی افریقہ سے عمران طاہر، جین پال ڈومینی، وین پارنیل، کولن انگرام، نیوزی لینڈ سے کولن منرو، لیوک رونچی، جمی نیشام، مچل میک کلینیگن، ویسٹ انڈین سے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوین براوو، ایون لوئس، جانسن چارلس، سری لنکا سے اینجلو میتھیوز اور تھسارا پریرا، بنگلہ دیش سے مستفیض الرحمان اور انگلینڈ سے عادل رشید، سیم بلنگز اور جیمز ونس سمیت دیگر بڑے نام شامل ہیں۔

انڈر19 اور پنٹنگولر کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس سال اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ کو گولڈ اور محمد آصف کو سلور کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔پی سی بی نے لیجنڈری اسپنر شین وارن کو بھی پی ایس ایل تھری میں کمنٹری کی دعوت دی۔