بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / ہونڈائی کی 4 گاڑیاں پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان

ہونڈائی کی 4 گاڑیاں پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان


جنوبی کورین کمپنی ہونڈائی بہت جلد پاکستان میں 4 نئی گاڑیاں متعارف کرانے والی ہے۔

رواں سال پاکستان میں گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کا معاہدے کرنے والے نشاط گروپ کی ویب سائٹ پر ایک تصویر شائع کی گئی ہے جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جنوبی کورین کمپنی ایک بار پھر پاکستانی مارکیٹ میں واپسی کرنے والی ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ پر چار گاڑیوں کی تصاویر دی گئی ہیں جنھیں پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم ابھی دونوں کمپنیوں کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

ان گاڑیوں کی تصویر میں البتہ یہ ضرور لکھا ہے ‘بہت جلد’ جبکہ یہ ہونڈائی کی ٹکسن، کریٹا، ایلانٹرا اور ویرنہ گاڑیوں کی تصاویر ہیں۔

ہونڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔

اس بات کے امکانات ہیں کہ مقامی طور پر تیار کردہ ہونڈائی گاڑیاں ہائیبرڈ ہوں گی جس سے صارفین کو ایندھن میں بچت کرنے میں مدد مل سکے گی۔

اس وقت پاکستان میں صرف جاپان سے درآمد کردہ ہائیبرڈ ری کنڈیشن گاڑیاں دستیاب ہیں مگر مقامی طور پر تیار کردہ کوئی بھی گاڑی ایسی نہیں۔

ابھی ہونڈائی کی ان ممکنہ گاڑیوں کی قیمت کے بارے میں کچھ کہنا ممکن نہیں تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ مقامی طور پر سرگرم جاپانی کمپنیوں کے مقابلے میں انہیں کم رکھا جاسکتا ہے تاکہ انہیں سخت ٹکر دی جاسکے۔