بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ماہرین فلکیات نے زمین کے حجم کا سیارہ دریافت کرلیا

ماہرین فلکیات نے زمین کے حجم کا سیارہ دریافت کرلیا


لندن ۔ ماہرینِ فلکیات نے زمین کے حجم کا ایک ٹھنڈا سیارہ دریافت کرلیا، نئے سیارے کا نام راس 128 بی رکھا گیا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ کائنات میں زمین کے علاوہ زندگی کی تلاش کا عمدہ ہدف ثابت ہو سکتا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ سیارہ زمین سے صرف 11 نوری سال کی دوری پر واقع ہے اور اس اعتبار سے اب تک نظامِ شمسی سے باہر دریافت ہونے والا دوسرا قریب ترین سیارہ ہے۔

سب سے قریبی سیارہ پروکسیما بی ہے، تاہم وہ زندگی کیلئے ناموزوں ہے، کیونکہ اس کا مدار اپنے ستارے کے خاصے قریب ہے اور اس پر خطرناک تابکاری کی بارش ہوتی رہتی ہے۔ اس کے مقابلے پر راس 128 بی کا ستارہ (راس 128) زیادہ فعال نہیں ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی جنیوا لیبارٹری میں یہ سیارہ دریافت کرنے والی ٹیم کے رکن نکولا آستودیلو دیفرو نے بتایا کہ راس 128 بی زندگی کی نشو و نما کیلئے زیادہ مناسب ہے لیکن یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس کی فضا کیسی ہے۔

اس کے اجزائے ترکیبی اور بادلوں کی روشنی منعکس کرنے کی صلاحیت سے پتہ چل سکتا ہے کہ آیا یہاں زمین کی طرح مائع پانی پایا جاتا ہے، یا پھر یہ زہرہ کی طرح ہے۔ سیارے کا وزن زمین کی نسبت 1.35 گنا زیادہ ہے جبکہ اس کا اپنے ستارے سے فاصلہ زمین کے سورج سے فاصلے کے مقابلے پر 20 گنا کم ہے۔کائنات میں زندگی کی تلاش میں سرگرداں ماہرینِ فلکیات عام طور پر کم وزن والے ایسے ٹھوس سیاروں کا کھوج لگاتے ہیں جن کا درجہ حرارت زمین سے ملتا جلتا ہو۔

اب تک نظامِ شمسی سے باہر دریافت ہونے والے3500 سے زائد سیاروں کی بڑی اکثریت مشتری کی طرح بڑے اور گیسوں سے بنے سیاروں پر مشتمل ہے جو زندگی کیلئے سخت ناموزوں ہیں۔