بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / دوسری ایڈونچر میراتھن ریس کا آج سے آغاز

دوسری ایڈونچر میراتھن ریس کا آج سے آغاز


پشاور۔صوبہ کی تاریخ میں سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی دوسری ایڈونچر میراتھن ریس کل اسلام آباد سے خانپور جھیل تک منعقد ہوگی جس کا آغازصبح 8بجے پیرسوہاوا روڈ اسلام آباد ہوگا اورخان پور جھیل ڈسٹرکٹ ہری پورمیں اختتام پذیر ہوگی ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ایڈونچر ایج کلب کے باہمی اشتراک سے منعقدہ میراتھن ریس میں ٹریکنگ، ماؤنٹین بائیک سائیکلنگ اور کشتی رانی شامل ہے ،ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ سیاحت ، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان محمد طارق نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری توصیف خالد، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، انچارج مارکیٹنگ اینڈ میڈیا حسینہ شوکت اور دیگر موجود تھے۔

ایڈونچر میراتھن ریس ٹورازم کارپوریشن اور ایڈونچر ایج کلب کے باہمی تعاون سے19نومبر کو منعقدکی جارہی ہے جبکہ 18نومبر کو تمام رجسٹرڈ نوجوان ، طلباء و طالبا ت اسلام آباد پہنچیں گے،سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طارق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایڈونچر میراتھ ریس اسلام آباد، پیراسوہاواروڈ، تلہار گاؤں،کروالی ٹاپ ، تونیا گاؤں، نجف پوراور پومالا گاؤں سے ہوتی ہوئی خان پور جھیل پر اختتام پذیرہوگی ، میراتھن ریس میں 13کلومیٹر ٹریکنگ،9کلومیٹرسائیکلنگ اورتقریباً 1کلومیٹر کشتی رانی کے ذریعے سفر کیا جائے گاجبکہ یہ کل ملا کرایڈونچر میراتھن ریس کا فاصلہ23کلومیٹربنتاہے۔

ایڈونچر میراتھن میں شرکت کرنے والے60 شرکاء کے مابین5،5 افراد پر مشتمل 12ٹیمیں بنائی جائینگی جن کے مابین ریس کا انعقاد ہوگا،سیکرٹری محمد طارق نے کہاکہ میراتھن ریس کے انعقاد کا مقصد ان مقامات کو سیاحت کیلئے آباد کرنا اور نوجوانوں کو ایڈونچر سہولیات مہیا کرنا ہے ، اس سلسلے میں پہلی بھی کئی ایڈونچر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں نوجوان خواتین اور مرد طلباء و طالبات نے شرکت کی ہے ،انچارج مارکیٹنگ اینڈ میڈیا حسینہ شوکت نے کہاکہ ریس کا آغاز صبح 8بجے اسلام آباد سے ہوگا جبکہ یہ خانپورجھیل کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی جہاں پر اختتامی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائیگاجس کے مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت توصیف خالد ہونگے۔