بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نااہل شخص کی پارٹی سربراہی کیخلاف بل کثرت رائے سے مسترد

نااہل شخص کی پارٹی سربراہی کیخلاف بل کثرت رائے سے مسترد


قومی اسمبلی میں نااہل شخص کو کسی بھی سیاسی جماعت کی سربراہی سے روکنے کے لیے پیش کردہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بل کو حکمران اتحاد نے اکثریتی بنیاد پر مسترد کر دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے قومی اسمبلی میں بل پیش کیا جس کا متن تھا کہ نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا۔انھوں نے کہا کہ اگر یہ بل آج یہاں سے مسترد ہوتا ہے تو اس کے دوسرے مراحل ہیں وہاں پر بھی حکومت کو اپنی عددی برتری ثابت کرنا ہوگی۔

وزیرقانون زاہد حامد نے بل کی مخالفت کی بعد ازاں اسپیکر ایاز صادق نے بل پڑھ کر سنایا جس کے بعد مسترد کیا گیا تاہم نوید قمر نے کہا کہ ڈویژن ہے جس کے بعد رائے شماری کی گئی۔اسپیکر ایاز صادق نے گنتی کا حکم دیا جس کے بعد بل کی مخالفت اور حمایت کرنے والے اراکین کو کھڑے ہو کر گنتی کی گئی۔

رائے شماری کے مطابق 98 ووٹ بل کے حق میں آئے اور 163 اراکین نے اس بل کی مخالفت کردی جبکہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن میر ظفراللہ جمالی نے بل کی مخالفت نہیں کی۔تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں حکومتی اراکین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جماعت گزشتہ 30 برسوں سے حکومت میں ہے کیا آج کوئی شخص سربراہی کے اہل نہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیرقانون کوبل کی مخالفت کرنےکاحق ہے لیکن متحدہ اپوزیشن نے بل میں ترمیم پیش کی ہے جس کی منظوری سینیٹ نے دی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس بل کے پیچھے ایک منطق ہے جبکہ جوشخص صادق اورامین نہیں وہ رکن پارلیمنٹ بھی نہیں بن سکتا۔

وزیر قانون زاہد حامد نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون کو ذوالفقار بھٹو نے 1975 متعارف کرایا تھا لیکن پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو اور نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے دور رکھنے کے لیے اس قانون کو ختم کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ 17 نومبر 2014 میں اس قانون کے حوالے سے پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں اسی قانون کو پیش کیا گیا تھا اس وقت پاناما پیپرز نہیں آئے تھے جو ڈیڑھ سال بعد اپریل 2016 میں سامنے آئے تھے۔

وزیرقانون نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے یہ کہنا صرف ایک شخص کے لیے بل لایا جارہا صحیح نہیں کیونکہ اس بل کے حوالے سے پہلے ہی اتفاق تھا۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ترمیمی بل کے پیش نظر وزرا سمیت حکومت اراکین اسمبلی نے بھرپور حصہ لیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر حکومت اراکین پارلیمنٹ کو اسی طرح رونق بخشتے تو آج اس بل کی نوبت نہیں آتی۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئین میں تجاوزات کھڑی کی گئیں، یہ تجاوزات جبراً آئین کا حصہ بنائی گئی ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور 20 کروڑ عوام پر چند افراد کے فیصلوں کو مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جمہوریت کی جنگ ہے جو آج مسلم لیگ (ن) لڑ رہی ہے جس کو اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی (پی پی پی) نے لڑی ہے۔