بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / افواہیں مسترد: پی سی بی کا حفیظ کی مکمل حمایت کا اعلان

افواہیں مسترد: پی سی بی کا حفیظ کی مکمل حمایت کا اعلان


پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے تمام تر افواہوں اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے غیر باؤلنگ ایکشن کے سبب پابندی کا شکار محمد حفیظ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آل راؤنڈر کا باؤلنگ ایکشن آئی سی سی کے اصولوں کے مطابق ٹھیک کرانے کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔

سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے آئی سی سی نے ان کا ایکشن غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم یہ واھ کرنا چاہتے ہیں بورڈ حفیظ کے ساتھ کھڑا ہے اور باؤلنگ ایکشن ٹھیک کرانے کیلئے ہر قسم کی سپورٹ کی یقین دہانی کراتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حفیظ کا ایکشن ٹھیک کرانے کیلئے پی سی بی پہلے ہی ایک ریویو کمیٹی قائم کر چکا ہے جس میں احسن رضا،علی ضیا، سلیم جعفر اور سجاد اکبر شامل ہیں۔

کمیٹی کو یہ ذمے داری سونپی گئی ہے کہ وہ آئی سی سی کے طے شدہ اصولوں کے مطابق ایکشن ٹھیک کرانے کیلئے حفیظ کو ہر ممکن ٹریننگ اور معاونت فراہم کریں۔

چار رکنی کمیٹی کی تجاویز پر حفیظ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنے ایکشن پر کام کریں گے اور ہر دس دن بعد لمس میں قائم بائیو مکینکس لیب میں ان کے ایکشن کا جائزہ لیا جائے گا اور آئی سی سی سے آفیشل ٹیسٹ کی سفارش کرنے سے قبل انہیں ہر طرح کی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

پی سی بی نے ایسی تمام قیاس آرائیوں کی تردید کی جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بورڈ باؤلنگ ایکشن پر پابندی کے بعد حفیظ کو سپورٹ نہیں کر رہا اور میڈیا میں اس طرح کی خبروں کو پی سی بی کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔واضح رہے کہ یہ کیریئر میں تیسری مرتبہ حفیظ کا ایکشن غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور وہ اس سے قبل ایک سال کی پابندی بھی بھگت چکے ہیں۔

سابق مایہ ناز اسپنرسعید اجمل نے حفیظ کا ایکشن ٹھیک کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور محمد حفیط نے ان سے رابطہ کیا تو وہ ایک مہینے کے اندر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو درست کردیں گے۔