بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں مزید 17ہزار اساتذہ بھرتی کرنیکا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں مزید 17ہزار اساتذہ بھرتی کرنیکا فیصلہ


پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے مزید 17ہزار3سواکتالیس اساتذہ میرٹ پر بھرتی کرے گی ۔ ان نئے اساتذہ میں تقریباً5000 خواتین اساتذہ بھرتی کی جائیگی جبکہ تمام نئے سکولوں میں پرائمری لیول پرخواتین اساتذہ بھرتی ہونگی جوکہ حکومت کی طرف سے تعلیم کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک انقلابی قدم ہوگا ۔

وہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ تعلیم کے جائزہ میٹنگ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ تعلیم محمد فخر عالم ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم سہیل خان اور ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد رفیق خٹک کے علاوہ دوسرے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو بتا یا گیا کہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی شدہ اساتذہ اور آئی ٹی اساتذہ کی مستقلی کا عمل نزدیک ہے اور بہت جلد کابینہ سے منظوری کیلئے پیش کی جائیگی۔

اس کے علاوہ سکولوں میں باقی ماندہ سہولیات کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ۔ جبکہ دوسرے مرحلے کے کام کو بھی بہت جلد مکمل کرلیا جائیگا ۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایات جاری کی کہ گرلز کیڈٹ کالج کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔