بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / دھرنا مظاہرین پر طاقت کا استعمال درست نہیں ٗ عمران خان

دھرنا مظاہرین پر طاقت کا استعمال درست نہیں ٗ عمران خان


اسلام آباد ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنا ختم کرانے کے لیے طاقت کا استعمال معاملے کا حل نہیں ٗ مظاہرین سے بھی پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔لبیک یارسول اللہ ؐ کے دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کسی صورت معاملے کا حل نہیں ہے۔

حکومت مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرے جب کہ دھرنا مظاہرین بھی پرامن رہیں ۔عمران خان نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کابنیادی جزو اورحصہ ہے جس نااہلی سے حکومت نے معاملے کو نمٹانے کی کوشش کی اس سے ریاست کی رٹ ٹوٹتی نظرآرہی ہے، راجہ ظفرالحق کی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی اس لیے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر سے کچھ چھپائے جانے کے تاثر نے جنم لیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت کاسار ا زور شریفوں کی کرپشن بچانے پر ہے،ملک جل رہاہے اوروزیراعظم نااہل شخص کے دربارپر حاضری دے رہے ہیں، حکومت کے اسی طرزعمل کے باعث قبل ازوقت انتخابات کامطالبہ کرتاآیا ہوں آج ایک بار پھر مطالبہ کرتاہوں کہ جلد انتخابات کرائے جائیں۔