بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں تصویر کھینچنے پر پابندی عائد

مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں تصویر کھینچنے پر پابندی عائد


ریاض۔ سعودی حکومت نے مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں تصاویر کھینچنے اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے مملکت میں تمام غیرملکی سفارتخانوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مسجدالحرام اور مسجد نبوی آنے والے اپنے معتمرین اور عازمین حج کو منع کریں کہ اپنے موبائل یا کیمروں سے سلیفیاں اور تصاویر نہ بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین اور مسجد نبوی میں تصاویر و ویڈیوز پر پابندی اس لئے عائد کی گئی کہ معتمرین اور حجاج کرام اپنا قیمتی وقت تصویروں پر ضائع کردیتے ہیں جس کی وجہ سے دیگر لوگوں کی عبادات میں بھی خلل پیدا ہوجاتا ہے۔

چونکہ زائرین مسجد حرام اور مسجدنبوی کے اندر اور باہر تصاویر لیتے ہیں اور ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوسکتا ہے لہذا تمام زائرین لاگو کئے گئے قانون پر سختی سے عمل پیرا ہوں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے افراد کے موبائل فون، کیمرے ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔