بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سینٹ اجلاس میں اہم امور پر ہنگامی فیصلوں کا امکان

سینٹ اجلاس میں اہم امور پر ہنگامی فیصلوں کا امکان


اسلام آباد ۔سینٹ کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہورہا ہے، اجلاس کے ایجنڈے میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے 24ویں آئینی ترمیم بھی شامل ہے‘ اجلاس میں حکومت کو دوسرے ممالک سے معاہدوں سے قبل پارلیمنٹ سے اجازت لینا‘ ملک بھر میں اسلحہ نما کھلونوں کی فروخت پر پابندی‘ تفتان بارڈر کے ذریعے ایران جانے والے زائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے‘ ملک میں زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سینٹ کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ سینٹ اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر سینیٹرز کی جانب سے مختلف بل پیش کئے جائیں گے جس کے حوالے سے سینٹ سیکرٹریٹ نے 29نکاتی ایجنڈا جاری کردی ہے۔

ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد حلقہ بندیوں کے حوالے سے 24 ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کریں گے ۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔ جبکہ اجلاس میں حکومت کو دوسرے ممالک سے معاہدوں سے قبل پارلیمنٹ سے اجازت لینا‘ ملک بھر میں اسلحہ نما کھلونوں کی فروخت پر پابندی‘ تفتان بارڈر کے ذریعے ایران جانے والے زائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے‘ ملک میں زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات سمیت دیگر قراردادیں پیش کی جائیں گی۔