بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سربند میں قتل کئے جانیوالے 8سالہ بچے کی قبر کشائی

سربند میں قتل کئے جانیوالے 8سالہ بچے کی قبر کشائی


پشاور۔تھانہ سربند کے علاقے سنگو لنڈی میں اغواء کے بعد بیدردی سے قتل ہونیوالے 8 سالہ بچے کی قبرکشائی کرکے نعش نکال کرپوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی اس ضمن میں ایس ایچ او سربند تحسین اللہ خان نے ’’آج ‘‘ کو بتایاکہ 14نومبر کو سنگو لنڈی کے رہائشی اقبال شاہ نے 8 سالہ بیٹے حبیب کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کیا تو انکشاف ہوا کہ بچہ لاپتہ نہیں ہوا بلکہ اسے سید رازق شاہ نامی شخص نے اغواء کرنے کے بعد بیددری سے قتل کیا ہے اور نعش مقامی قبرستان سے دفنادی ہے جس پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے چھاپہ مار کرقاتل کوگرفتار کرلیاگیا تھا۔

جبکہ دوران تفتیش قاتل نے بتایاکہ اس کی مقتول کے بھائی داؤد کے ساتھ دوستی تھی لیکن اس نے انکار کرنے پر انتقام لینے کیلئے اس حبیب کو اغواء کیا اور پھر قتل کرکے نعش مقامی قبرستان میں دفنا دی پولیس نے مقامی عدالت سے جج اور خیبر میڈیکل کالج کی ٹیم کی موجودگی میں قبرکشائی کی اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی پولیس کے مطابق ابتدائی طورپر یہ ظاہر ہورہا ہے مقتول کوپھانسی دیکر قتل کیاگیا تاہم مزید تفتیش جاری ہے ۔

دوسری جانب پشاورکے نواحی علاقے سنگو لنڈی میں مغوی بچے کے قتل میں دوسرے ملزم کی نشاندہی کرلی گئی ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ قتل کی واردات میں اس کا قریبی رشتہ دار بھی ملوث ہے جس کی گرفتاری کیلئے پولیس نے خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیدی ہے پولیس کے مطابق دوسرا ملزم بھی بہت جلد پولیس کی حراست میں ہوگا ۔