بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ممبئی حملہ کیس گواہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

ممبئی حملہ کیس گواہ کے وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد۔اسلام آباد انسداد دہشتگردی عدالت نے امریکہ میں مقیم ممبئی حملہ کیس کے گواہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت چھ دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔ سماعت سے قبل سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ان چیمبر پیش ہوئی اور 27بھارتی گواہوں کو پیش کرنے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے فاضل جج کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 27 بھارتی گواہوں کو پیش کرنے کیلئے ایک اجلاس متوقع ہے جس کے بعد امید ہے بھارتی گواہوں کے متعلق پیش رفت ہوگی اس سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا جائے ۔

بدھ کے روز اسلام آباد انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو خیر پور ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے پٹواری عبدالصمد نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دو ملزمان ریاض اور اسد کی جائیداد کا ریکارڈ جل گیا ہے۔

ان کی جائیداد علی نواز شاہ گاؤں میں تھیں گواہ کا مزید کہنا تھا کہ ریکارڈ بے نظیربھٹو کے شہید ہونے کے بعد ہونے والے فسادات میں جل گیا تھا بعد ازاں عدالت نے گواہ نذر الشریف جو کہ امریکہ میں مقیم ہے کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چھ دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی واضح رہے کہ بھارت کے شہر ممبئی میں ہونے والے حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا گیا تھا اور اب اس حوالے سے بھارتی گواہوں کو پیش کرنے کے حوالے سے ہندوستان حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ۔