بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاک بھارت بیک ڈور رابطوں کی تصدیق

پاک بھارت بیک ڈور رابطوں کی تصدیق


لاہور۔قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کو آخر کار مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا یہی اس کے مفاد میں ہے ، دونوں ممالک کے درمیان بیک ڈور رابطے جاری ہیں،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت بنیادی ایشوز پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں،ہمارے تمام دشمن ایک ہوگئے ہیں اور ایک دوسرے کی گود میں بیٹھے ہیں ،، دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمیں ہر صورت جیتنا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف وزری جاری ہے جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، کشمیریوں کی قتل وغارت بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ایک سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے سینے پر گولی کھائی لیکن پیٹھ نہیں دکھائی۔ افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔

ہمارے سارے علاقے کلیئر ہیں، دہشتگرد سرحد پار سے آتے ہیں۔ افغان انتظامیہ کی اپنی سر زمین پر رٹ موجود نہیں ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے افغانستان میں امن اور استحکام کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں اصل ضرورت قومی اتحاد اور یکجہتی کی ہے۔ پاکستان اندرونی انتشار اور خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔