بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خصوصی افراد کو صحت کارڈ کی فراہمی کا فیصلہ 

خصوصی افراد کو صحت کارڈ کی فراہمی کا فیصلہ 


پشاور۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوشل ویلفیئر کمپلیکس گلوڈھیری (صوابی) میں معذور افراد میں ویل چیئر زوٹرائی سائیکل کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد بھی معاشرے میں اہم مقام رکھتے ہیں صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ ان کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان میں کسی قسم کا احساس کمتری پیدا نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صحت کارڈ ہر معذور کو فراہم کیا جائے گا۔سوفیصد سپیشل افراد صحت کے کارڈکے مستحق ہیں اور ان کو بھی مفت علاج ومعالجے کی سہولت میسر ہو سکے گی ۔سپیکر نے کہا کہ آپ کی دعاؤں اور عوام کی زبر دست پذیرائی کے باعث آئندہ پی ٹی آئی صوبہ اور مرکز میں واضح اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ہماری کوشش ہو گی کہ معذور افراد کیلئے ایجوکیشن کارڈ متعارف کرایا جائے جس سے ان کو مفت تعلیمی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو جائے گی اور معذور افراد تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں اہم مقام حاصل کر سکیں گے۔