بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ناظم پشاور کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

ناظم پشاور کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان


پشاور۔ضلع کونسل پشاور کی اپوزیشن جماعتیں ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کی جانب سے ترقیاتی سکمیوں کے سیونگ فنڈ اپنی یونین کونسل میں استعمال کرنے ٗ اقلیتی ممبران کی تنخواہ بند کرنے ٗ سپورٹس فنڈ ز کا غلط استعمال ٗ صوبائی فنانس کمیشن سے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی قسط نہ ملنے اور پشاور کیلئے میگا پراجیکٹ شروع نہ کرنے پر سراپا احتجاج بن گئیں اور ضلع ناظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر سعید محمد ظاہر ایڈوکیٹ کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر وڈسٹرکٹ ممبران رضاء اللہ چغرمٹی ٗ شیرفرزند ٗ ملک فردوس ٗ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سرتاج خان ودیگر ڈسٹرکٹ ممبران ٗ مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈروڈسٹرکٹ ممبران رحمدل نواز ٗ ہادیہ صمد ٗ سلیمہ اکرام ٗ قومی وطن پارٹی کے ڈسٹرکٹ ممبر کریم جان ٗ جے یوآئی پارلیمانی لیڈر وڈسٹرکٹ زبیرعلی ٗ مولانا طارق حسین ٗراہ حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سعید الرحمٰن صافی ٗ پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ ممبران سجاد بنگش ٗ نورولی ودیگر ممبران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سعید محمد ظاہر ایڈوکیٹ ٗ رضاء اللہ چغرمٹی اور زبیرعلی نے کہاکہ بجٹ کے پانچ ماہ تک ایک اجلاس بھی نہیں طلب کیا گیا جبکہ اپوزیشن کے اقلیتی ممبران کی تنخواہ ضلع ناظم نے بند کردی ہے۔

اپوزیشن ممبران نے کہاکہ ان کے پاس 45اپوزیشن اور اس کے قریب حکمران اتحاد کے ممبران کے رابطے ہیں اور جلد ہی ضلع ناظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرینگے انہوں نے کہاکہ سپورٹس فنڈ اور سماجی بہبود کی فنڈ خردبرد کی گئی ہے اور ٹھیکہ دار دو پی ٹی آئی ممبران کو چین کے دورے پر لے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن ممبران کو بیرونی اور ملکی دوروں میں نظر انداز کی جارہی ہے اور ساتھ سیونگ فنڈ دیہہ بہادر یونین کونسل میں خرچ کرکے ضلع ناظم نے ممبران کی حق تلفی کی ہے اپوزیشن لیڈر سعید محمد ظاہر ایڈوکیٹ نے کہاکہ مالی سال کے پہلی سہ ماہی گزرنے کے باوجود ضلع ناظم کی عدم توجہ سے پی ایف سی فنڈ ریلیز نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کام ٹھپ ہے۔