بریکنگ نیوز
Home / شوبز / سارش خان بولی وڈ ڈانس شو کی میزبان

سارش خان بولی وڈ ڈانس شو کی میزبان


مِس پاکستان یو ایس اے سارش خان رن وے پر ماڈلنگ بھی کر چکی ہیں اور انہوں نے ہدایت کار سید نور کی فلم میں مرکزی کردار بھی ادا کیا، جس کے بعد اب وہ کچھ نیا کرنے جارہی ہیں۔

ماڈل اور اداکار سارش بہت جلد ایک ڈانس شو کا حصہ بنتی نظر آئیں گی۔

لیکن سارش اس شو میں کسی سے مقابلہ نہیں کریں گی، بلکہ وہ ڈانس یو ایس اے ڈانس کے دوسرے سیزن کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی۔

اس ڈانس شو میں امریکا سے تعلق رکھنے والے وہ افراد حصہ لیں گے جنہیں ڈانس کرنے کا بےحد شوق ہے یا جو بہترین ڈانس کرنے کے ماہر ہیں۔

جہاں یہ تمام ڈانسرز معروف ہندوستانی کوریوگرافر سروج خان کے سامنے رقص کریں گے۔

فلم چین آئے نہ کا ایک سین —۔
فلم چین آئے نہ کا ایک سین —۔

ذی ٹی وی اور انڈین ڈانس پلیٹ فارم بولی شیک اس شو کی مشترکہ پروڈکشن کررہے ہیں۔

27 سالہ سارش خان نے اس شو میں اپنی میزبانی کا اعلان انسٹاگرام پر کیا۔

خیال رہے کہ سارش خان کی پہلی پاکستانی فلم ’چین آئے نہ‘ رواں سال ریلیز ہوئی، یہ فلم باکس آفس پر بُری طرح ناکام ہوئی جبکہ سارش بھی اپنی اداکاری سے متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔

انہوں نے اپنی ماڈلنگ سے تو کافی لوگوں کو متاثر کیا، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس ڈانس شو میں میزبانی سے لوگوں کا دل جیت پاتی ہیں یہ نہیں۔