بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کرپشن اور سسٹم ساتھ نہیں چل سکتے اب کرپٹ سسٹم کوختم کرنا ہے، سراج الحق

کرپشن اور سسٹم ساتھ نہیں چل سکتے اب کرپٹ سسٹم کوختم کرنا ہے، سراج الحق


لاہور۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب کرپشن اور سسٹم ایک ساتھ نہیں چل سکتے اب اس ملک سے کرپٹ سسٹم کوختم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے جس نے گزشتہ ایک سال سے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کررکھی ہے ہم نے کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کیا اورعوام کو کرپشن کے خلاف منظم کرنے کی کوشش کی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان اب30ستمبر کو فیصل آباد میں عظیم الشان احتجاج کرنے جارہی ہے جو پرامن ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کے بعد بلوچستان میں 2اکتوبر کو احتجاج کیا جائے گا جس کا فوکس پانامہ لیکس ہوگا مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرکے پاکستان کے عوام کی نمائندگی کی ہے۔ وزیراعظم کو بنگلہ دیش میں پاکستان کی حمایت کرنے کی پاداش میں جن بزرگوں کو پھانسی دی جارہی ہے اس پر بھی آواز بلند کرنا چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے اسے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پراپنے مظالم کو دیکھتے ہوئے ڈوب مرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم بھارت کو باور کرادینا چاہتے ہیں کہ ملک کی سالمیت پر پوری قوم ایک ہے سراج الحق نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لئے اچھی تیاری نہیں کرپاتی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا تذکرہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک میں قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب نہیں ہوتا اس وقت تک اس ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوسکتا۔ عوام کو انصاف دلانے کے لئے اس ملک سے کرپٹ سسٹم کا خاتمہ کرنا ہوگا۔