بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بھارتی جارحیت کی صورت میں قبائلیوں کا پاک افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان

بھارتی جارحیت کی صورت میں قبائلیوں کا پاک افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان


جمرود۔ خیبرایجنسی میں قبائل نے بھارتی جارحیت کی صورت میں پاک افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کردیا ،بھارت کیخلاف نکالی جانیوالی ریلی میں نریندری مودی کے پتلے کی لاتوں، جوتوں اور مکوں سے چھترول بھی کی گئی ،مظاہرین نے پاک فوج کے حق اور انڈیا کے خلاف نعرے بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود ٹیڈی بازار میں پاک فوج کے حق میں ہزاروں قبائل نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں مختلف ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی عمائدین نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین نے پاک فوج کے حق اور انڈیا کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قبائلی پاک فوج کے ہر اول دستے کا کام کریں گے۔

قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ 65ء کی جنگ میں بھی قبائلیوں نے پاک فوج کا ساتھ دیا تھا اور اگر اب بھی دشمن نے وطن عزیز کے خلاف کوئی ناپاک قدم اٹھایا تو قبائل سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر خوب جوتے برسائے گئے اور لاتوں اور مکوں سے چھترول کی گئی ۔