بریکنگ نیوز
Home / شوبز / فلم ’’رئیس‘‘ سے ماہرہ خان کے کئی مناظر نکال دیئے گئے

فلم ’’رئیس‘‘ سے ماہرہ خان کے کئی مناظر نکال دیئے گئے

ممبئی۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ سے اداکارہ کے کئی مناظر ہٹا کر ان کا کردار محدود کردیا گیا۔

بھارتی انتہا پسندوں اور پروڈیوسر ز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد ہے جس کے باعث پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ اور علی ظفر کی فلم ’’ڈیئر زندگی‘‘ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب ایک اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ بھی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ اور ماہرہ کی فلم ’’رئیس‘‘ تکمیل کے مراحل میں ہی شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ہے اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان  نے فلم کی شوٹنگ کے لیے بھارت آنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث فلمساز شدید پریشانی کا شکار ہیں جب کہ فلم کے ہدایتکار نے ماہرہ خان کے کئی فلمائے ہوئے مناظر کو فلم سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  فلم سے شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کے نکاح  اور احمد آباد میں عکس بند کیے گئے رومانوی مناظر کو ہٹا دیا گیا ہے جس کے بعد اداکارہ کا فلم میں کردار محدود ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان نے فلم’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور فلم اگلے سال 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔