بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سینیئرجج میاں ثاقب نثارسپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر

سینیئرجج میاں ثاقب نثارسپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر

اسلام آباد ۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس میاں ثاقب نثار کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے جو 31 دسمبر کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی 31 دسمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ممنون حسین کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے سینئرترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار کو نیا چیف جسٹس آف پاکستان مقررکر دیا گیا ہے، جسٹس میاں ثاقب نثار چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے بعد سپریم کورٹ کے سینئیر ترین جج ہیں۔

موجودہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی 31 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے ان کی جگہ جسٹس ثاقب نثار یہ عہدہ سنبھال لیں گے، جسٹس ثاقب نثارسپریم کورٹ آف پاکستان کے پچیسویں چیف جسٹس ہوں گے۔

اٹھارہ جنوری انیس سو چون کو لاہور پیدا ہو نے والے جسٹس ثاقب نثار نے میٹرک کیتھیڈرل ہائی اسکول اورقانون کی ڈگری پنجاب یو نیورسٹی لاہور سے انیس سو اسی میں حاصل کی اور انیس سو اسی میں ہی وکالت کاآغاز کیا،۔

جسٹس ثاقب نثار انیس سو بیاسی میں بطورہائیکورٹ وکیل اور انیس سو چورانوے میں سپریم کورٹ میں رجسٹر ہوئے، جسٹس میاں ثاقب نثار، وزیر اعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سیکریٹری قانون بھی رہے ہیں۔

انیس سو اٹھا نوے میں ہائی کورٹ کے جج اوردو ہزاردس میں سپریم کو رٹ کے جج مقرر ہوئے۔ جسٹس میاں ثاقب نثار دو سال سے زائد عرصے تک پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائض رہیں گے۔

نامزد چیف جسٹس اعلی عدلیہ کے ان ججوں میں شامل ہیں جنہوں نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی جانب سے سال 2007 میں لگائی گئی ایمرجنسی کے بعد عبوری آئینی حکم نامے کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کردیا تھا۔

میاں ثاقب نثار کی چیف جسٹس کے عہدے پر تعیناتی کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج ہوں گے۔