بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ججز نظر بندی کیس: پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

ججز نظر بندی کیس: پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

اسلام آباد۔ ججز نظر بندی کیس ،اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے سہیل اکرام نے سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی ہے ۔ججز نظربندی کیس کی سماعت دہشت گردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے کی تو دوران سماعت ملزم پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ،سرکاری وکیل عامر ندیم تابش اور پولیس افسر یاسین بھٹہ پیش ہوئے ،دوران سماعت پولیس کی طرف سے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنت گرفتاری کی تعمیل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ،پولیس نے تعمیلی رپورٹ میں کہا کہ پرویز مشرف کے بیرون ملک ہونے کے باعث گرفتاری ممکن نہیں،ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ بیماری کی وجہ سے میرا موکل بیرون ملک گیا ہوا ہے ۔

جیسے ہی صحت یاب ہو گا وہ واپس آجائے گئے اس کے علاوہ اگر انھیں سیکورٹی بھی مہیا کی جائے تو وہ واپسی کے لیے تیار ہیں ،سرکاری وکیل عامر ندیم تابش نے دوران سماعت سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا ہے ،عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی اور اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم کے لیے اخبار اشتہار جاری کرانے کا حکم دے دیا،عدالت نے اپنے حکم نامہ میں کہا ہے کہ ملزم کی عدالت حاضری کے لیے اخبار میں اشتہار دیا جائے اور اشتہار کی اشاعت کے بعد بھی ملزم عدالت نہ آیا تو اشتہاری قرار دیا جائے گا،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔