بریکنگ نیوز
Home / شوبز / پریانکا کا ہالی ووڈمیں قدم جمانے کا خواب چکنا چورہونے لگا

پریانکا کا ہالی ووڈمیں قدم جمانے کا خواب چکنا چورہونے لگا


لاس اینجلس۔ بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا کا امریکی ڈرامہ سیریل ’’کوانٹیکو 2‘‘ریٹنگ حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا جس کے بعد ڈرامہ سیریل کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ہالی ووڈ میں پروازبھری اور جلد امریکی ڈرامہ سیریل’’کوانٹیکو‘‘ میں جاندار اداکاری سے شہرت حاصل کرلی جب کہ ڈرامہ سیریل میں جاندار اداکاری کے بعد انہیں اگلے سیزن اور ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘میں کردار دیا گیا لیکن اب پریانکا کا ہالی ووڈ میں کامیابی کا خواب چکنا چور ہونے کو ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ڈرامہ سیریل ’’کوانٹیکو 2‘‘ میں پریانکا چوپڑا نے اہم کردار میں نظر آرہی ہیں لیکن ٹی وی ڈرامہ امید کے برخلاف ریٹنگ حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے جس کے بعد پروڈیوسرز نے ٹی وی شو کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ سیزن 2 کی بندش کے بعد اداکارہ کو کام نہ ہونے پر امریکا سے واپسی کی راہ اختیار کرنی پڑے گی۔

دوسری جانب فلم’’بے واچ‘‘ کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں پریانکا چوپڑا کی صرف ایک جھلک دکھائی ہے جس سے اداکارہ کومایوسی ہوئی ہے  جب کہ ہالی ووڈ فلم کے ٹریلر میں ایک سیکنڈ کی جھلک نے مداحوں کو بھی مایوس کردیا ہے اور بھارتی اداکارہ کو سوشل میڈیا پر تضحیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ کیرئیر کی خاطر بالی ووڈ میں اب تک کوئی فلم سائن نہیں کی ہے۔