بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امر یکہ

خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امر یکہ


واشنگٹن۔امر یکہ کی قومی سلامتی کی مشیر ڈاکٹر سوزان رائس نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں،پاکستان کی خطے کے امن اور استحکام کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں، خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کے ذریعے تعلقات بحال ہوں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے وائٹ ہاوس میں امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے ہمراہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،خطے میں قیام امن اور سیکورٹی کی صورتحال ،انسداد دہشت گردی ،دفاع اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ طارق فاطمی نے سوزن رائس کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔واشنگٹن میں ہوئی ملاقات میں طارق فاطمی نے سوزن رائس کو بتایا کہ بھارتی جارحیت سے معصوم شہریوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں۔ سوزن رائس نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔سوزن رائس نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

پاکستان کی خطے کے امن اور استحکام کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔امریکا کی مشیر برائے قومی سلامتی سوزان رائس نے ایل او سی پر کشیدہ صورت حال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے تعلقات بحال ہوں۔ طارق فاطمی نے سوزن رائس کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔