بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / امریکی سی آئی اے کا ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں روس کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ

امریکی سی آئی اے کا ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں روس کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ


واشنگٹن ۔امریکی خفیہ ادارے ’’سی آئی اے ‘‘ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں روس کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ کردیا۔معروف امریکی جریدے ’’واشنگٹن پوسٹ ‘‘نے انکشاف کیا ہے کہ سی آئی اے نے امریکی حکام کو بتایا ہے کہ یہ چیز پوری طرح عیاں ہے کہ حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیاب کروانا روس کا اولین مقصد تھا۔سی آئی اے کا کہنا ہے کہ روس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہیلری کلنٹن پر سبقت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ صدرِ امریکہ براک اوباما نے الیکشن کے دوران روسی مداخلت کی تحقیقات پر مبنی کانگریس کے شدید مطالبے پر صدارتی انتخابات کے دوران ہونے والے سائبر حملوں کی تحقیقات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ادھر نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن جتوانے میں روسی مدد کی بات کرنے والے وہی لوگ ہیں جو کہتے تھے کہ صدام حسین نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیارجمع کر رکھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتخابات تاریخ کی سب سے بڑی الیکٹورل کالج فتح کے ساتھ کافی پہلے ختم ہو چکے ہیں لہذا امریکا کو ایک بار پھر سے عظیم بنانے کے لئے آگے چلا جائے۔سائبر حملوں کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہیکنگ روس سے بھی ہو سکتی ہے، چین سے بھی اور نیو جرسی میں بیٹھ کر بھی کوئی شخص ہیکنگ کر سکتا ہے۔