بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 18طالبان جنگجو ہلاک ، 25زخمی

افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 18طالبان جنگجو ہلاک ، 25زخمی

کابل۔افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 18طالبان جنگجو ہلاک اور 25زخمی ہوگئے ،افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے ایک بار پھر عسکریت پسند گروپوں کو ہتھیار ڈال کر امن مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دیدی۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے جنوبی صوبہ ارزگان میں آپریشن کیا ہے جس میں 18جنگجو مارے گئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا آغازعلاقے میں دو روز قبل کیا گیا تھاجو ابتک جاری ہے ۔

صوبائی پولیس چیف ولی جان سرحدی کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کو صوبائی دارالحکومت کے علاقے ترینکوٹ میں آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا ۔انکا مزید کہنا تھاکہ آپریشن میں 25عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے ایک بار پھر عسکریت پسند گروپوں کو ہتھیار ڈال کر امن مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دیدی۔اشرف غنی نے عسکریت پسند گروپوں پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرا افغان مفاہمتی مذاکرات میں شامل ہوں اور ملک کیلئے نقصان کا باعث بننے والی تخریبی سرگرمیوں سے باز رہیں۔

کابل میں میلادالنبی ؐ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی کا کہنا تھاکہ ملک کی فلاح وبہبودجنگ میں نہیں بلکہ امن میں ہے ۔حضرت محمد ؐ معاشرے سے ناانصافی اور جبر کو ختم کرنا چاہتے تھے ۔افغان صدر کا یہ بیان طالبان کے قطر میں دفتر کی جانب سے ان مطالبات کے بعد سامنے آیاہے جس میں طالبان نے امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات اور اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے رہنماؤں کے نام نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔