بریکنگ نیوز
Home / کھیل / برسبین میں یاسر اوروہاب کی پریکٹس کے دوران لڑائی کے بعد صلح

برسبین میں یاسر اوروہاب کی پریکٹس کے دوران لڑائی کے بعد صلح

برسبن۔ آسٹریلیا میں پریکٹس سیشن کے دوران یاسر شاہ اور وہاب ریاض وولن گابا میں الجھ پڑے تھے اوراب جھڑپ کے بعد دونوں کے درمیان صلح بھی ہوگئی ہے۔

 آسٹریلیا کے شہربرسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن جاری تھا کہ فٹبال کھیلتے ہوئے یاسرشاہ اوروہاب ریاض کے درمیان معمولی بات پرتلخ کلامی ہوگئی ، اس سے پہلے کہ معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتا وہاں موجود دیگر کھلاڑیوں اورٹیم انتظامیہ نے بیچ بچاؤ کرایا، ٹیم مینجمنٹ نے دونوں کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر بھجوادیا۔

برسبین میں موجود ٹیم انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معمولی واقعہ تھا اور کھلاڑیوں کے درمیان ایسا ہو جاتا ہے ، اس کا ٹیم کی کارکدگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب وہاب ریاض کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرایک وڈیو شئیرکی جہاں دونوں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ وڈیومیں وہاب ریاض اوریاسرشاہ کا کہنا تھا کہ کھیل میں نوک جھونک ہوتی رہتی ہے اس لیے اسے لڑائی کا رنگ نہ دیا جائے، ہم ایک دوسرے کے خلاف نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف کرکٹرزہی نہیں بلکہ بھائی اوردوست بھی ہیں اوررہیں گے بھی جب کہ پاکستان کے لیے ہمیشہ کھیلتے رہیں گے۔