بریکنگ نیوز
Home / کھیل / برسبین ٹیسٹ: پاکستان کی فائٹنگ اسپرٹ نے کینگروز کو فتح کیلیے ترسا دیا

برسبین ٹیسٹ: پاکستان کی فائٹنگ اسپرٹ نے کینگروز کو فتح کیلیے ترسا دیا

برسبین۔ آسٹریلیا کے 490 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 382 رنز جوڑ لیے جب کہ انہونی کو ہونی میں بدل کر کامیابی پانے کے لیے گرین کیپس کو مزید 108 رنز درکار ہیں، سنچری میکر اسد شفیق ناقابل شکست پویلین لوٹے۔

برسبین میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 490 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستان ٹیم نے میچ کے چوتھے روز 2 وکٹ پر 70 رنز سے اپنی نامکمل اننگزکا دوبارہ آغازکیا تو اظہر علی 41 اور یونس خان کھاتہ کھولنے کا ارادہ لیے کریز پر آئے، دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن کے دوران عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بولرز کو وکٹ سے محروم رکھا، موسم کی مداخلت بھی جاری رہی، ایک وقت میں دونوں بیٹسمین سنچریاں بنانے کے موڈ میں نظر آتے تھے لیکن دوسرے سیشن میں اظہر علی (71) نے مچل اسٹارک کی ایک گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر میتھیوویڈ کو کیچ دیدیا، یوں تیسری وکٹ کیلیے 91 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا، اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر خراب موسم کے سبب کھیل کو روک دیا گیا، میچ دوبارہ شروع ہوا تو کچھ ہی دیر بعد مصباح الحق بھی وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان 5 پر تھے کہ جیکسن برڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیلیے میزبان ٹیم کا ریویو بیکار گیا لیکن پیسر نے اپنے اگلے ہی اوور میں اسی سکور پر انھیں میتھیو ویڈ کا کیچ بنوا دیا۔