بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / گزشتہ برس ہونے والے گلوبل وارمنگ کے 24 اہم واقعات میں پاکستان بھی شامل

گزشتہ برس ہونے والے گلوبل وارمنگ کے 24 اہم واقعات میں پاکستان بھی شامل

واشنگٹن۔ امریکی موسمیاتی اور بحری ادارے کی نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں موسمیاتی شدت کے 24 عجیب واقعات نوٹ کیے گئے جن میں کچھ واقعات پاکستان میں بھی رونما ہوئے۔

نئی رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں ہونے والے اہم موسمیاتی واقعات کا جائزہ پیش کیا گیا جنہیں گلوبل وارمنگ (عالمی تپش) سے وابستہ عجیب مظاہر میں شمار کیا جاسکتا ہے۔

چند روز قبل نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹماسفیئرک ایڈمنسٹریشن( نووا) کی جانب سے ایک مفصل رپورٹ شائع کی گئی جن میں پاکستان سمیت 24 اہم موسمیاتی واقعات کا ذکر کیا گیا ہے جو کرہ ارض پر آب و ہوا کی تبدیلی پر خطرے کو ظاہر کرتے ہیں۔

ان واقعات میں غیرمعمولی گرمی کے 11 واقعات، برطانیہ میں سردیوں میں سورج کی انوکھی تپش، الاسکا کے جنگلات میں لگنے والی آگ اور میامی میں عین دوپہر کو سیلابی کیفیت شامل ہے۔

موسمیاتی شدت کے یہ واقعات پاکستان، جنوبی افریقا، ایتھوپیا، مصر، بھارت، سری لنکا، انڈونیشیا، جاپان، چین، یورپ ، کینیڈا، امریکا، واشنگٹن اور الاسکا میں رونما ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تمام تبدیلیاں واضح ہیں اور ان کا درست تخمینہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔

ادارے سے وابستہ سائنسدان اور رپورٹ کی شریک مدیرہ اسٹیفنی ہیرنگ کے مطابق یہ واقعات تیزی سے بدلتی ہوئی آب و ہوا کو ظاہر کرتے ہیں تاہم 6 واقعات ایسے ہیں جن سے موسمیاتی تبدیلیاں ثابت نہیں ہوتیں۔ سال 2015 کے اہم موسمیاتی واقعات میں یہ سرِ فہرست رہے جو دنیا بھر کی تشویش کے لیے کافی ہیں۔