بریکنگ نیوز
Home / شوبز / بھارتی ڈرامے ’’سی آئی ڈی‘‘ سے اے سی پی پردیومن کا کردار ختم

بھارتی ڈرامے ’’سی آئی ڈی‘‘ سے اے سی پی پردیومن کا کردار ختم


ممبئی۔ بھارت کے شہرہ آفاق ٹی وی ڈرامے ’’سی آئی ڈی‘‘ سے اے سی پی پردیومن کا کردار ختم کردیا گیا جس کیتحت ڈرامے میں ان کی موت ہوچکی ہے۔معروف ٹی وی ڈرامہ سی آئی ڈی 18 سال سے کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے جس کے تین اہم کرداروں اے سی پی پردیومن، ابھیجیت اور دیا کافی شہرت رکھتے ہیں جب کہ ڈرامے میں اے سی پی پردیومن کے ڈائیلاگ ’’کچھ توگڑبڑ ہے‘‘ نے بھی خوب شہرت حاصل کی لیکن اب ڈرامے کے چاہنے والوں کے لیے بری خبر سامنے آگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف ڈرامے سی آئی ڈی کے مرکزی کردار اے سی پی پردیومن کا کردار اب اختتام پذیر ہوچکا ہے کیونکہ ڈرامے میں ان کی موت واقع ہوچکی ہے۔ ڈرامے میں اے سی پی پردیومن کی موت کی وجہ دل کا دورہ دکھائی گئی ہے اور ان کی موت کا مقصد ڈرامے سے ان کے کردار کو ختم کرنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرامے میں اے سی پی پردیومن کی موت کے مناظر دکھائے جائیں گے اور یہ قسط 26 دسمبرکو آن ایئر کی جائے گی جس کے بعد اے سی پی کا ڈرامے میں کردارہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہیکہ اے سی پی پردیومن کا کردار ادا کرنے والے ’’شیواجی ساٹم‘‘ اور ان کی ٹیم نے ٹی وی انتظامیہ سے اپنے معاوضے میں اضافے کامطالبہ کیا تھا لیکن انتظامیہ کے معاوضہ بڑھانے سے انکار پر شیواجی ساٹم المعروف اے سی پی پردیومن اور ان کی ٹیم نے ڈرامے کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد آئندہ برس ڈرامہ سیریل بند ہونے کی خبریں بھی زیر گردش ہیں تاہم چینل انتظامیہ کی جانب سے ان خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹی وی ڈرامہ سیریل ’’سی آئی ڈی‘‘ 1998 سے کامیابی سے جاری ہے اور اب تک اس کی 1300 سے زائد اقساط ٹیلی کاسٹ ہوئی ہیں۔