بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن لانے کے عمل کو جاری رکھیں گے، خواجہ سعد رفیق

نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن لانے کے عمل کو جاری رکھیں گے، خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے کرسمس کے حوالہ سے خصوصی طور پر تیار کی گئی امن ٹرین کا افتتاح کر دیا ۔ جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن لانے کے عمل کو جاری رکھیں گے ۔ ہر حکومت کے ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں مذہبی رواداری کے لیے کام کرے ۔

پاکستان کا آئین سب کو جینے ، ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرتا ہے جبکہ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن شروع کیا گیا ۔ اس کا کریڈٹ موجودہ حکومت اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کو جاتا ہے امن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ سال بھی ہم چاہ رہے تھے مگر ایسا نہ ہو سکا تاہم اس سال ہم نے خواب کو تعبیر دی ہے اس کے لیے میں ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور وزارت انسانی حقوق اور وزارت ریلوے کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

ریلوے کے محنت کشوں اور ہمارے کارکنوں نے اس پر دن رات کام کیا ہے ان کے پاس آزادی ٹرین کا تجربہ پہلے سے موجود ہے ۔ کامران مائیکل نے ٹرین کی ڈیزائننگ کروائی ہے ٹرین یکجہتی ، امن اور رواداری کا پیغام لے کر روانہ ہو گی ۔ اگر مسیحی برادری یادیگر برادریاں شامل نہ ہوں تو پاکستان نا مکمل ہے ۔ پاکستان کے جھنڈے کا سفید رنگ ان کا رنگ ہے پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں ہوتا پاکستان کی بہبودی اور استحکام کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔