بریکنگ نیوز
Home / کھیل / اسد شفیق باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں فتح کیلئے پرعزم

اسد شفیق باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں فتح کیلئے پرعزم

لاہور۔ اسد شفیق آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ سیریز برابر کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایم سی جی پاکستان کے لئے سازگار ہے اور ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

گاباٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 137 رنز کی شاندار پرفارمنس سے کینگروز کے چھکے چھڑانے والے پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ اگر ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہو گئی تو آسٹریلیا کو ہرانے کا اچھا موقع ہو گا۔

  باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے حوالے سے بیٹسمین نے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں، میچ کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہیں، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ کسی بھی دوسرے وینیو سے زیادہ پاکستان کیلئے سازگار ہے،

پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، گرین شرٹس اپنی سابقہ کارکردگی کے بعد پراعتماد ہیں اور سیریز میں کم بیک کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔