بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / کروڑوں خلائی تصاویر پر مشتمل آسمان کا سب سے تفصیلی نقشہ جاری

کروڑوں خلائی تصاویر پر مشتمل آسمان کا سب سے تفصیلی نقشہ جاری

ہوائی۔ امریکی ریاست ہوائی میں بین الاقوامی فلکیاتی مرکز سے وابستہ کئی ممالک کے ماہرین نے برسوں کی محنت کے بعد اس جگہ سے نظر آنے والے آسمان کا تفصیلی نقشہ بنایا ہے جسے اب تک خلائی اجسام کی سب سے بڑی ڈجیٹل تصویر کہا جاسکتا ہے ۔

چار سال کی کوشش سے اس تصویر میں ہوائی کے آسمان پر دکھائی دینے والا ایک ایک جرمِ فلکی نمایاں ہے ۔ کروڑوں تصاویر پر مشتمل اس منظر کو ایک ساتھ اپنے مکمل ریزولوشن پر چھاپا جائے تو یہ کم ازکم ڈھائی کلومیٹر لمبا اور اتنا ہی چوڑا ہوگا!

منصوبے کو پینورامک سروے ٹیلی اسکوپ اینڈ ریپڈ رسپونس سسٹم کا نام دیا گیا ہے جسے مختصراً ’ پین اسٹارز‘ کہا جاسکتا ہے۔ اس میں اربوں ستاروں، کہکشاؤں، گیسی بادلوں اور متعلقہ سیاروں کو دیکھا جاسکتا ہے اور اس کا آن لائن ڈیٹابیس عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ماہرین نے ہوائی کی ایک پہاڑی پر نصب  1.8 میٹر قطر کی دوربین سے یہ ساری تصاویر لی ہیں۔  تصاویر دکھائی دینے والے آسمان کے ہر چھوٹے اور بڑے اجسام پر مشتمل ہیں اور توقع ہے کہ ان پر غور کرنے سے مزید حیرت انگیز دریافتیں سامنے آئیں گی۔