بریکنگ نیوز
Home / صحت / سانس کے ذریعے 17 بیماریوں کی تشخیص کرنے والا آلہ

سانس کے ذریعے 17 بیماریوں کی تشخیص کرنے والا آلہ

فلوریڈا۔ ماہرین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے ایسا آلہ ایجاد کیا ہے جو سانس کے ذریعے گردوں کے کینسر سے لے کر پارکنسن تک، 17 مختلف بیماریوں کا پتا لگا سکتا ہے۔

کسی بھی انسان سے خارج ہونے والی سانس میں نائٹروجن، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور آکسیجن گیسوں کی مقداریں زیادہ ہوتی ہیں جب کہ 100 سے زائد دوسرے مرکبات بھی خارج شدہ انسانی سانس میں بے حد معمولی مقدار میں شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین جانتے ہیں کہ سانس میں شامل انتہائی کم مقدار والے مادے کسی انسان کی اندرونی صحت کا پتا دیتے ہیں لیکن اب تک ایسا کوئی عملی، آسان اور تیز رفتار طریقہ موجود نہیں تھا کہ ان مادوں کا تجزیہ کیا جاسکتا تاہم اس آلے کی تیاری نے امید کی ایک نئی شمع روشن کی ہے۔

یہ آلہ جسے فی الحال کوئی نام نہیں دیا گیا ہے، نینو ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتا ہے اور اتنا حساس ہے کہ کسی بھی شخص کے پھیپھڑوں سے خارج ہونے والے سانس میں شامل مختلف مادوں کی اتنی کم مقداریں بھی معلوم کرسکتا ہے جو کسی دوسرے آلے کے لیے نامعلوم ہی رہتی ہیں۔ اس آلے کی غیرمعمولی حساسیت کا راز اس میں نصب ’’نینو ایریز‘‘ یعنی نینومیٹر جسامت والی انتہائی مختصر سلاخوں کی قطاریں ہیں جنہیں طاقتور خردبین کی مدد سے بھی بمشکل ہی دیکھا جاسکتا ہے۔