بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سی پیک میں خیبر پختونخواہ کے لیے 3میگا پراجیکٹس منظور

سی پیک میں خیبر پختونخواہ کے لیے 3میگا پراجیکٹس منظور

صوبے میں 1700میگا واٹ پن بجلی ‘ پشاور ‘چارسدہ، مردان سرکلر ریلوے ، اکنامک زون کا قیام شامل
پاکستان چائنہ جائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی )کااجلاس جمعرات کے روز بیجنگ میں منعقد ہوا جس میں سی پیک کے تحت خیبر پختونخوا میں تین میگاترقیاتی منصوبوں کی منظوری کااصولی فیصلہ کیاگیا۔سرکاری ذرائع نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایاکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اس اجلاس میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے جے سی سی کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا۔خیبرپختونخواکیلئے منظورہونیوالے منصوبوں میں 1700 میگاوات بجلی پیداکرنے کامنصوبہ ، پشاور ،چارسدہ،مردان ،نوشہرہ اور صوابی کے مابین سرکلرریلوے ٹریک اور موٹروے کے ساتھ جدید اقتصادی زون کا قیام شامل ہے۔پرویزخٹک نے اجلاس میں مستقبل کے لئے سوات،بشام،خنجراب اور چائنہ ٹاؤن کاشغر کو ملانے کیلئے متبادل روٹ کی تجویزبھی پیش کی وزیراعلیٰ نے سی پیک کے حوالے سے صوبے کاکیس کامیابی کے ساتھ پیش کیا جس کے بعد جے سی سی نے پشاور اور کراچی اورپشاوراورڈی آئی خان کے مابین دورویہ فاسٹ ریلوے ٹریک بنانے کے ساتھ ساتھ پشاورڈی آئی خان انڈس ہائی وے کوبھی دورویہ بنانے پر رضامندی ظاہر کی۔

وزیراعلیٰ نے شین ڈونگ یونیورسٹی کے ساتھ سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کے مفاہمتی یاداشت پربھی دستخط کئے جس کے تحت خیبرپختونخواکے طلبہ مذکورہ یونیورسٹی کا دورہ کرینگے اس کے علاوہ صوبے میں کنفیوشس یونیورسٹی کاایک مرکز بھی قائم کیاجائے گا۔اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ نے چائنہ میڈیا کے ساتھ گفتگومیں بتایاکہ وہ جے سی سی کے اجلاس سے مطمئن ہیں تاہم سی پیک کے تحت مغربی روٹ کی تعمیر کے حوالے سے صوبے کے تحفظات کو دورکرنے کیلئے وزیراعظم محمدنوازشریف کو اے پی سی کاایک اور اجلاس منعقد کرناچاہیئے ،انہوں نے کہاکہ ہم سب کو اجتماعی طور پر ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرناچاہیئے ۔دریں اثنا اقتصادی راہداری کے اعلٰی ترین فورم جوائنٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا گزشتہ روز بیجنگ میں ہونے والے اس اجلا س میں اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی،سی پیک میں سندھ کے تین ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی،

جمعرات کو اجلاس کے بعد میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ کی اپ گریڈیشن چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں ریل ماس ٹرانزٹ، شاہراہ قراقرم کے قابل مرمت حصے کی تعمیر شروع کرنے، ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک سڑک کی تعمیر، کوئٹہ واٹر سپلاء منصوبے اور چنیوٹ میں سٹیل ملز کی منظوری دی گئی ہے اسلام آباد شمالی علاقوں کشمیر گلگت بلتستان اور فاٹا میں اقتصادی زونز تعمیر ہوں گے سی پیک مشترکہ معاون کمیٹی نے جنوب شمالی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی بھی منظوری دی ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعاون سے راہداری منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے 10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے جاری ہیں احسن اقبال نے کہا کہ چین کا انرجی گروپ فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گاملتان سکھر موٹروے اور قراقرم ہائی وے کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ گوادر سے سو راب تک شاہراہ مکمل ہو چکی ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین پانچ شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے انہوں نے کہا کہ چینی قیادت نے پاکستان سے قابل اعتماد دوستی کو ثابت کیا ہے پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری پر چین کی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے گوادر میں 300میگاواٹ بجلی منصوبے کی منظوری دی ہے گوادر میں ہسپتال اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے گا۔