بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بھارت پاکستان کے ساتھ کھلی جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، مرزا اسلم بیگ

بھارت پاکستان کے ساتھ کھلی جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، مرزا اسلم بیگ

اسلام آباد۔ سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کھلی جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے چین پاکستان کا عالمی سطح پر دفاع کرنے کے لئے تیار ہے ۔ اقتصادی راہداری کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔ ایک میگزین کو دیئے جانے والے انٹرویو میں جنرل(ر) اسلم بیگ نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں سے بھارت اپنی مسلح افواج پر اربوں ڈالر خرچ کر چکا ہے لیکن پاکستان کے مقابلے میں اسے تکنیکی میدان میں ناکامیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بھارت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ پاکستان کا ساتھ کھلی جنگ کر سکے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جنگ لڑنے کی صلاحیت صرف پندہ دن ہے۔

جبکہ پاکستان کو چالیس دن تک جنگ لڑنے کی صلاحیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بڑی منفرد ہے چین نے ہماری افواج کو اپنی صلاحیت دی ہے کہ ہمارے پاس اپنے دشمنوں سے نمٹنے کے لئے مکمل طاقت موجود ہے انہوں نے کہا کہ ہماری اقتصادی راہداری طاقت کے لئے چین نے ہمیں سی پیک کا منصوبہ دیا انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے جس کے مکمل ہونے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظریاتی سیاست بڑی خطرناک صورت حال اختیار کر چکی ہے پاکستان میں جو بھی حکومت برسراقتدار آتی ہے اس نے قرآن و سنت کو پس پشت ڈال دیا اور صرف جمہوریت پر توجہ دی جس کی وجہ سے آج پاکستان کے 70 فیصد سے زیادہ نوجوان دین کی تعلیم سے نابلد ہے اور بھی وہ خطرناک نظریاتی تصادم ہے یہ پاکستان میں خانہ جنگی کی صورت حال پیدا کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنی شناخت کھو چکے ہیں اور ہماری پارلیمنٹ کے لئے یہ سب سے بڑا چیلنج ہے ۔