بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / عراق، سیکورٹی چیک پوائنٹ پر مسلح افراد کا حملہ،10افراد ہلاک ،20 زخمی

عراق، سیکورٹی چیک پوائنٹ پر مسلح افراد کا حملہ،10افراد ہلاک ،20 زخمی

بغداد۔عراق کے شہر نجف میں سیکورٹی چیک پوائنٹ پر مسلح افراد کے حملے میں10افراد ہلاک اور20سے زائد زخمی ہوگئے، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ،ادھر عراقی فوج نے شمالی شہر موصل کے مشرقی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے ایک اور اہم علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے، داعش کے 25 جنگجو ہلاک کردئیے گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے شہر نجف کے علاقے قدسیہ میں مسلح افراد نے ایک سیکورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کردیا جس میں 10افراد ہلاک ہوگئے ۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور گاڑی میں سوار تھے جنھوں نے پہلے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد خود کو اڑا لیا۔گزشتہ روز دوبم دھماکوں میں 31افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

ادھرعراقی فوج نے شمالی شہر موصل کے مشرقی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے ایک اور اہم علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے، داعش کے 25 جنگجو ہلاک کردئیے گئے ہیں۔عراق سے موصول اطلاعات کے مطابق فیڈرل پولیس نے دعوی کیا ہے کہ شمالی شہر موصل میں داعش کے خلاف جاری فیصلہ کن آپریشن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 25 جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔اس دوران موصل کے مشرقی حصے کے علاقے القدس الثانیہ کو داعش سے چھڑا لیا گیا ہے، عراقی فوج کو داعش جنگجووں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے جبکہ جگہ جگہ بچھائی گئی بارودی سرنگیں عراقی فوج کی پیش قدمی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اردوان اور العبادی کے مابین ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعلقات سمیت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے معاملات زیر غور آئے۔دونوں رہنماوں نے اس دوران اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کو خطے میں عدم استحکام کا ماحول قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔