بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بٹگرام سے دو مبینہ دہشتگرد گرفتار

بٹگرام سے دو مبینہ دہشتگرد گرفتار

پشاور۔ محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران بٹگرام سے دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفس بٹگرام سمیت سیکیورٹی اداروں پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ محکمہ انسداد دہشتگردی حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفس بٹگرام ، چانچل تھانہ اور آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشتگردوں کو منگل کے روز محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام سے گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے ضلع بٹگرام میں کوزہ بانڈہ چائنہ کیمپ پر حملے کی منصوبہ بنا رکھا تھا اور ان کے قبضے سے ڈی پی او آفس بٹگرام کی وڈیو بھی برآمد کی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹس میں سی  ٹی ڈی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان نے بٹگرام میں کوزہ بانڈہ چائنہ کیمپ پر حملے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے ۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد نواز اور عزیز الہ شامل ہیں۔

جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سوات سے ہے اور ان پر بٹگرام میں بجلی ٹرانسمیشن لائن کے پول دھماکوں سے اڑانے کا الزام ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے آئی ای ڈی بنانے اور اسلحہ چلانے کی تربیت بھی حاصل کی ۔

خیال رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشتگرد حملے کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور ملک کے دیگر صوبوں سمیت خیبرپختونخوا سے دہشتگرد تنظیموں کے ارکان کی گرفتاری کی اطلاعات تواتر سے آتی رہی ہیں ۔