بریکنگ نیوز
Home / کھیل / سڈنی ٹیسٹ: پاکستان نے 2 وکٹوں پر 126 رنز بنا لئے

سڈنی ٹیسٹ: پاکستان نے 2 وکٹوں پر 126 رنز بنا لئے

سڈنی۔ تیسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا کر سنبھل گئی اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان نے 2 وکٹوں پر 126 رنز بنا لئے۔

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ڈیبیو کرنے والے شرجیل خان 4 رنز پر ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے، 6 کے ہی مجموعی اسکور پر بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جس کے بعد اظہر علی اور یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور حریف بولرز کے خلاف کھل کر شاٹس کھیلیں، اظہر علی 58 اور یونس خان 64 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیںِ۔ جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے تھے۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزل ووڈ نے حاصل کیں۔

اس سے قبل جب دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 365 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اوپنر میٹ رینشا 167 اور پیٹر ہینڈز کومب 40 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، رینشا کو 184 رنز پر عمران خان نے بولڈ کر دیا، ہلٹن کارٹ رائٹ (37)کی وکٹیں بھی عمران خان نے اڑائیں، پیٹر ہینڈز کومب نے سنچری اسکور کی اور 110 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو گئے، میتھیو ویڈ 29 رنز بنا کر اظہر علی کا شکار بنے، بابر اعظم نے کیچ لیا، آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مچل اسٹارک (16) بھی اظہر کی وکٹ بنے۔

آسٹریلیا نے 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ وہاب ریاض نے 3، عمران خان اور اظہر علی نے 2,2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی، محمد عامر کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آئی جبکہ اسد شفیق نے بھی 2 اوورز کروائے اور 12 رنز دیکر وکٹ سے محروم رہے۔