بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ترک جنگی طیاروں کی شام میں بمباری،داعش کے 76دہشتگرد ہلاک، 74ٹھکانے بھی تباہ

ترک جنگی طیاروں کی شام میں بمباری،داعش کے 76دہشتگرد ہلاک، 74ٹھکانے بھی تباہ

انقرہ /د مشق ۔ ترک مسلح افواج کے جنگی طیاروں کی شام میں بمباری کے نتیجے میں داعش کے 76دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ انکے 74ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے شمالی علاقے کو دہشت گرد تنظیم داعش سے پاک کرنے کے لیے ترکی کی زیر قیادت شروع کردہ فرات ڈھال کاروائی کے دائرہ کار میں 76 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔

ترک فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کے جنگی طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے بعد بمباری کرتے ہوئے 74 ٹھکانوں جن میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ،دفاعی ٹھکانے ،کمان کنٹرول تنصیبات،اسلحے کے ڈپو اور گاڑیاں شامل ہیں کو تباہ کر دیا ہے ان حملوں میں 20 دہشت گرد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز ہونے والی جھڑپوں میں داعش کے 38 دہشت گردوں کو ہلاک ، 48 دستی بموں اور 43 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا ہے دریں اثنا ترک مسلح افواج کے جنگی طیاروں نے شمالی عراق کے عواشین ،بسیان اور زپ کے علاقوں میں پی کے کے کے6 اہداف پر بمباری کرتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا ہے ۔