بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / دشمن بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش میں ہے،آرمی چیف

دشمن بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش میں ہے،آرمی چیف

خضدار ۔آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان میں بے امنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہم نے ان کے سازشوں کو ناکام بنادیا، بلوچستان پاکستان کا دل ہے،صوبے میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔

گوادر بندرگاہ کی ترقی اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل ہمارا قومی عزم ہے ، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور فوج صوبے میں امن واستحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں،وعدہ ہے بلوچستان کے ہر علاقے کو ترقی دیں گے،کوئٹہ میں انجینئرنگ یونیورسٹی کاکیمپس بنایاجارہا ہے،نیوی،ایئرفورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بلوچستان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے،خضدار میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ خان زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت خطے میں ترقی کے حوالے سے بہت اہم ہے ، بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے،انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان میں بے امنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہم نے ان کے سازشوں کو ناکام بنادیا، آج کا بلوچستان مضبوط ، مستحکم اور بحالی کے راستے پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل ہمارا قومی عزم ہے ، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور فوج صوبے میں امن واستحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، مربوط رابطے علاقوں کو ہی نہیں بلکہ دلوں کو بھی جوڑتے ہیں ، بلوچستان میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں اور مستقبل کی تجارت کی حفاظت کے لئے مقامی افراد کو آگے لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں بلوچستان کے 20ہزار سپوت فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، پاک فوج میں بلوچستان کے 603افسر اور232کیڈٹ تربیت حاصل کر رہے ہیں ، بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور پاکستان کی ترقی بلوچستان سے جڑی ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے،کوئٹہ میں بھی انجینئر نگ یونیورسٹی کاکیمپس بنایا جارہا ہے،بلوچستان میں 30ہزار فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں،نیوی اور ایئرفورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بلوچستان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

بلوچستان میں 25ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیر اہتمام تعلیم حاصل کر رہے ہیںآرمی چیف نے کہاکہ بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے،وعدہ ہے کہ بلوچستان کے ہر علاقے کو ترقی دیں گے پاک فوج امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

آرمی چیف نے خاص طور پر تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ کو پاکستان کو اس مقام تک پہچانے کی کوششوں کی قیادت کرنی ہے جس کا وہ حق دار ہے، لہٰذا چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں، موقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور ہم سب کا سر فخر سے بلند کردیں۔