بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / سعودی نے امریکی کانگریس کے متنازع بل کو مسترد کردیا، سعودی عرب

سعودی نے امریکی کانگریس کے متنازع بل کو مسترد کردیا، سعودی عرب


جدہ ۔سعودی عرب نے امریکی کانگریس کی جانب سے نائن الیون کے حملوں کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے متنازع بل ’جاسٹا‘ کو قانون بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے واضح موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جاسٹا جیسے قوانین کی منظوری سے دوسرے ملکوں کی خود مختاری اور استثنیٰ کے اصولوں کو نقصان پہنچے گا اور اس کے نتیجے میں سیکڑوں سال سے چلے آرہے دیرینہ تعلقات بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی ’واس‘ نے ایک رپورٹ میں سعودی وزارت خارجہ کے ایک ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریاض امریکا میں منظور کردہ ’جاسٹا‘ قانون کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

کیونکہ اس طرح کے قوانین دوست ملکوں کے درمیان مخاصمت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اس قانون سے دوسرے ممالک کو حاصل استثنیٰ اور خود مختاری کے اصولوں کو بھی نقصان پہنچے گا اور امریکا سمیت دوسرے ملکوں کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ’جاسٹا‘ قانون کی مخالفت میں امریکی انتظامیہ، صدر کے ترجمان، وزیر دفاع، مسلح افواج کے سربراہ اور سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر نے بھی متنازع بل کی کھل کر مخالفت کی ہے۔

مگر اس کے باوجود جاسٹا کو قانون کا حصہ بنانا باعث تشویش اور افسوسناک ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھی ’جاسٹا‘ کے خلاف شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ بین الااقوامی برادری نے بھی امریکی کانگریس کے متنازع بل کو مسترد کردیا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے دسیوں ماہرین نے بھی اسے امریکا کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے اور قانون پر عمل درآمد سے امریکا کے دنیا سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔