بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / صحت پروگرام میں حکومتی اصلاحات سنگ میل ثابت ہوگی ،نواز شریف

صحت پروگرام میں حکومتی اصلاحات سنگ میل ثابت ہوگی ،نواز شریف

اسلام آباد۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے شاہ حمد نرسنگ یونیورسٹی کو پاکستان کے لئے بحرینی تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات کی عکاس اور ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے ۔پاک بحرین مثالی دوستی پر فخر ہے ۔ دوستی کا شاہکار صحت پروگرام کو تقویت بخشے گا ۔صحت ہماری ترجیح ہے اور اصلاحات سنگ میل ثابت ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد کے تعاون سے نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری ترجیح ہے اور اس ضمن میں اہم اصلاحات کر رہے ہیں لیکن بحرین کے شاہ حمد کے تعاون سے نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی کے باعث ہمارے صحت پروگرام کو تقویت ملے گی اور بہتر تربیت سے تربیت یافتہ افرادی قوت قوم کے لئے باعث افتخار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی بحرین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہے جو دونوں برادر اسلامی ملکوں کے بہترین تعلقات کی عکاس اور صحت کے شعبے میں ہماری کوششوں کا حصہ ہے اور توقع ہے کہ یونیورسٹی تربیت کی فراہمی میں عالمی معیار کے مطابق ہو گی ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاک بحرین کی مثالی دوستی پر فخر ہے اور شاہ حمد کے تعاون سے تعمیر ہونے والی یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی اس پروقار تقریب میں بحرین کے کمانڈو شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان کو خیر مقدم اور خوش آمدید کہتے ہیں ہم یہاں ایک مقدس فریضے کے لئے جمع ہوئے ہیں اور امید ہے کہ ہمارا یہ تعاون دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کو تربیت یافتہ اور عالمی معیار کے مطابق فارغ التحصیل ہنر مند دیں گے جو اس قوم کے لئے مسیحا بن کر اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ہم اس تعاون پر بحرین کے شکرگزار ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے صحت کے شعبے میں اہم اصلاحات کی ہیں اور 2015 میں صحت کا پروگرام شروع کر کے ملک میں عوام کو صحت کے درپیش مسائل کے حل میں بھرپور کام کیا ہے اور صحت پروگرام کے تحت بیماریوں کے بچاؤ پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ نادار طبقے کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس کے دیرپا اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے 237 کنال اراضی کی حامل نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر صحت کی وزیر مملکت سارہ افضل تارڑ ، وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری اور بحرین کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان کے علاوہ کثیر تعداد میں حکومتی اور صحت کے شعبے سے منسلک اعلی حکام نے شرکت کی ۔تقریب سے صحت کی وزیر مملکت سارہ افضل تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت میں اصلاحات کرنا وزیر اعظم کا وژن ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں انقلاب برپا کرنے کے ساتھ ساتھ وہ صحت اور تعلیم سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی اور اصلاحات لانے کے متمنی ہیں اور اس سلسلے میں برق رفتاری کے ساتھ شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں بحرین کے شاہ کے تعاون سے نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی حکومت کے صحت پروگرام میں سنگ میل ثابت ہو گی ۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں نرسنگ میڈیکل یونیورسٹی کے لئے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) نے پارک روڈ پر کامسیٹس یونیورسٹی کے قریب 237 کنال کی اراضی الاٹ کر دی ہے ۔ یونیورسٹی کی تعمیر کے سارے اخراجات بحرین کے فرمانروا شاہ حمد برداشت کریں گے ۔