بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاقی وزیر داخلہ سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی‘ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان‘ برطانیہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان برطانیہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشترکہ پارلیمانی امور اور کشمیر سمیت خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ‘ عالم اسلام سے متعلق اٹھائے گئے نکات قابل ستائش ہیں۔ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے قیام کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔

بعض عناصر تاریخی و زمینی حقائق کو نظر انداز کرکے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ تنقید کرنے والوں میں وہ بھی شامل ہیں جن کے اپنے ہاتھ مظلوموں کے خون سے رنگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض تنقید کرنے والے علاقائی امن کی راہ میں خود سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ بین الاقوامی برادری پاکستان کے موقف کو فراخ دلی سے سنے۔

پاکستان کے موقف کو درست سیاق و سباق کے ساتھ سمجھا جائے۔ برطانیہ ان ممالک میں شامل ہے جہاں پاکستان کا موقف سنا اور سمجھا جاتا ہے۔ علاقائی امن اور اداروں کی مضبوطی میں برطانوی حکومت کی معاونت قابل تحسین ہے۔ ملاقات کرنے والے وفد میں لارڈ نذیر احمد‘ لارڈ قربان حسین اور ممبر یورپی پارلیمنٹ افضل خان شامل تھے۔